پاکستان اور ہندوستان میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ہندوستان اور پاکستان میں بھی کورونا میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 281 ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں مزید 605 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد کل مریضوں کی تعداد 13 ہزار 328 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک میں 10 ہزار 223 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 ہزار 936 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کا صوبہ پنجاب کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے سرفہرست ہے جہاں 5 ہزار 446 مریض ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کورونا سے ہلاکتوں میں پہلے نمبرپر ہے جہاں کورونا سے اب تک 98 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ادھر ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج پیر کی صبح کئے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1396 نئے کیس سامنے آنے کے ساتھ ہی کورونا وائرس متاثرین کی تعداد بڑھ کر 28 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ اس دوران 48 افراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 872 ہو گئی ہے۔
ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک مجموعی 27892 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض شامل ہیں۔
کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کے صحت یاب ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 381 افراد کے صحت مند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 6185 تک پہنچ گئی ہے۔
ہندوستان کی ریاست راجستھان کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور اس ریاست میں کورونا کے 36 نئے کیسز سامنے آنے سے کورونا متاثرین کی تعداد 2221 ہو گئی ہے جبکہ ریاست میں اس جان لیوا وائرس سے اب تک 41 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔