May ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان، کورونا متاثرین کی تعداد بائیس ہزار کے قریب ہوئی

پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد اکیس ہزار آٹھ سو اڑتیس ہوگئی ہے۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں پاکستان میں ایک ہزار تین سو پندرہ نئے کیس سامنے آئے اور چوبیس افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد پانچ سو ہو چکی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد اکیس ہزار آٹھ سو اڑتیس ہوگئی ۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا کے پانچ ہزار دو سو اکتالیس مریض صحتیاب ہو کے اسپالوں سے رخصت کئے جا چکے ہیں، لیکن اب بھی پندرہ ہزار دو سو اکتالیس افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے ایک سو گیارہ کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے صوبہ سندھ نے پنجاب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ رپورٹ میں وزیر اعلی سندھ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین سو سات نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد آٹھ ہزار ایک سو نواسی اور گیارہ نئی اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک سو اڑتالیس ہو چکی ہے۔

پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے صوبہ پنجاب دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ اس صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تیس نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی تعداد آٹھ ہزار ایک سو تینتیس اور آٹھ نئی اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک سو چوالیس ہوچکی ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک سو پچاسی ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اس صوبے میں متاثرین کی تعداد تین ہزار دو سو اٹھاسی ہے۔ صوبہ بلوچستان میں متاثرین ایک ہزار تین سو اکیس اور اموات اکیس، گلگت بلتستان میں متاثرین تین سو بہتر، اموات تین اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد چار سو چونسٹھ اور اموات چار ہیں۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا سے کوئی موت ریکارڈ نہیں کی گئی ہے لیکن اب تک اکہترافراد متاثر ہو چکے ہیں۔

ٹیگس