پاکستان، کورونا متاثرین کی تعداد تیس ہزار سے زائد
May ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
پاکستانی ذرائع کے مطابق اتوار کو ملک بھر میں کورونا کے ایک ہزار چھے سو اناسی کیس سامنے آئے جس کے بعد ملک میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد تیس ہزار ایک سو چوہتر ہو گئی۔
اس دوران کورونا سے مزید اکیس افراد لقمہ اجل بنے جس کے بعد اس موذی وبا سے مرنے والوں کی تعداد چھے سو اڑتالیس ہو چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آٹھ ہزار آٹھ سو تیس افراد کورونا سے صحتیاب ہوکے اسپتالوں سے رخصت کئے جا چکے ہیں لیکن اب بھی بیس ہزارآٹھ سو تین مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
صوبہ سندھ میں سات سو نو نئے مریضوں کا اندراج ہوا جس کے بعد متاثرین کی تعداد گیارہ ہزار چار سو اسّی ہو گئی ہے اور نو نئی اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک سو نواسی تک جا پہونچی ہے۔
صوبہ پنجاب میں چھے سو بائیس نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد گیارہ ہزار ترانوے اور اموات ایک سو بانوے ہو گئی ہیں۔
پاکستان میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات صوبہ خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا سے دو سو اکیس افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد چار ہزار تین سو ستائیس بتائی گئی ہے۔
صوبہ بلوچستان میں متاثرین، ایک ہزار آٹھ سو چھہتر اور اموات چوبیس، گلگت بلتستان میں متاثرین چار سو تیس اور اموات چار اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد چھے سو اکتالیس اور ایک نئی موت کے بعد اموات پانچ ہو گئی ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا سے کوئی موت ریکارڈ نہیں کی گئی ہے تاہم سات نئے کیس کے بعد متاثرین کی تعداد اناسی ہو گئی ہے۔
دوسری طرف صوبہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کے لئے ہوم آئسولیشن کے قواعد و ضوبط جاری کردئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق اس کے لئے خصوصی ہوم آئسولیشن کمیٹی بنے گی جس میں محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار شامل ہوں گے۔