پاکستان، کورونا متاثرین کی تعداد 43 ہزار کے قریب پہونچی
پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل تیزی کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے اور اب تک اس موذی وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد تقریبا تینتالیس ہزار ہوگئی ہے۔
پاکستان میں سرکاری سطح پر جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مزید نو سو ستائیس افراد کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد یہ تعداد تقریبا تینتالیس ہزار ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد نو سو سے زائد بتائی گئی ہے جبکہ گیارہ ہزار نو سو بائیس افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جہاں مزید پچاس کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرین کی تعداد ایک ہزار کے قریب بتائی گئی ہے۔
صوبہ سندھ میں اس وقت متاثرین کی تعداد سترہ ہزار دو سو اکتالیس اور پنجاب میں چودہ ہزار پانچ سو چوراسی ہو چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے چھے ہزار اکسٹھ لوگوں کو متاثر ہوئے ہیں اور بلوچستان میں یہ تعداد دو ہزار سات سو کے قریب پہنچ رہی ہے۔ گلگت بلتستان میں مزید کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کورونا کے مریضوں کی تعداد پانچ سو چالیس ہو گئی ہے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک سو بارہ بتائی گئی ہے اور دیگر شہروں کے برخلاف یہاں کورونا سے اب تک کوئی بھی موت ریکارڈ نہیں کی گئی۔