Jun ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • عدالت نے نیب کو شہباز شریف کی گرفتاری سے روک دیا

لاہور ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو نیب کو پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی عبوری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو کو حکم دیا ہے کہ وہ انہیں سترہ جون سے پہلے گرفتار نہ کرے۔
شہباز شریف نے دو روز قبل لاہور ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی تھی کہ انہیں منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی جانب سے اپنی گرفتاری کا خدشہ ہے، لہذا میری عبوری ضمانت منظور کی جائے۔
جسٹس طارق عباسی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مختصر سماعت کے بعد شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی منظوری دے دی۔ عدالتی فیصلے کے بعد کمرہ عدالت میں لیگی وکلاء کی جانب سے نعرے بازی کی گئی جس پر جسٹس طارق عباسی نے شدید برھمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو عدالتی تقدس کا خیال نہیں کر رہے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ عدالت حکم واپس بھی لے سکتی ہے۔
یاد رہے کہ شہباز شریف کو گزشتہ روز آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہونا تھا۔ ان کے عدالت میں حاضر نہ ہونے پر نیب کی ٹیم نے انہیں گرفتار کرنے کے لئے ان کے گھر پر چھاپہ بھی مارا تھا۔ شہباز شریف گھر پر موجود نہیں تھے جس کے بعد نیب کی ٹیم وہاں سے واپس لوٹ گئی تھی۔

ٹیگس