Jun ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۹:۴۹ Asia/Tehran
  • بیس ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کا اعلان

حکومت پاکستان نے کورونا کے باعث بیرون ملک پھنسے ہوئے مزید بیس ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں پاکستانی وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی اور اسٹریٹجک پلاننگ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ دس جون تک بیرون ملک پھنسے ہوئے بیس ہزار پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی تجویز کے مطابق ہم ٹیسٹ کے عمل کو تیز کرتے ہوئے ہر ہفتے مسافروں کی تعداد میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔
پاکستانی وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی اور اسٹریٹجک پلاننگ نے کہا کہ مسافروں کے پہنچتے ہی ٹیسٹ کیے جائیں گے اور ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار کیے بغیر آئسولیشن کے لیے گھر بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسافروں کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے جوڑا جائے گا اور صوبائی حکومتیں مسافروں اور عوام کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جائزہ لے پائیں گی۔
قبل ازیں انہوں نے بتایا تھا کہ یکم جون سے دس جون کے دوران متحدہ عرب امارات سے آٹھ ہزار اور سعودی عرب سے چار ہزار پاکستانیوں کو واپس لائیں گے کیونکہ دونوں ممالک کی جانب سے ہم پر شدید دباؤ آ رہا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پھنسے ایک لاکھ دس ہزار پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں اور ان کی تعداد میں بدستور اضافہ ہو رہا ہے۔  

ٹیگس