Jun ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا بے قابو، ڈبلیو ایچ او نے لاک ڈاؤن کا مشورہ دیا

پاکستان میں کورونا کےمریضوں میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور بعض صوبوں میں ڈبلیو ایچ او نے دوہفتے کے مکمل لاک ڈاؤن کا مشورہ دیا ہے۔

پاکستانی میڈیا نے محکمہ صحت کے حوالے سے خبردی ہے کہ ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ دس ہزار سے زائد ہو گئی ہے اور صوبہ پنجاب میں صرف ایک دن میں ریکارڈ اٹھاون اموات ہوئی ہیں -

پاکستان میں بھی یومیہ ہزاروں افراد اب کورونا میں مبتلا ہو رہے ہیں اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔ پاکستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا میں اب تک ایک لاکھ دس سے زائد افراد مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے تقریبا دو ہزار ایک سو نوے کا انتقال ہو چکا ہے-

اس درمیان عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت کو خط لکھ کر کہا ہے صوبے میں کم سے کم دو ہفتے کا مکمل لاک ڈاؤن ہونا چاہئے اور یہ لاک ڈاؤن وقت کی ضرورت ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے پنجاب کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی روک تھام کے لئے ایس او پیز پر عمل کرنا بہت ضروری ہے-

پاکستان کورونا کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے اس وقت دنیا میں پندرہویں نمبر پر ہے اور اس نے چین اور سعودی عرب کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس وقت پاکستان میں بہتر ہزار سے زائد کورونا کے مریض اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جبکہ پینتیس ہزار سات سو سے زائد مریض صحتیاب ہو گئے ہیں۔

ٹیگس