Jun ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۷ Asia/Tehran
  • پاکستان کی اہم سیاسی شخصیات کورونا میں مبتلا

پاکستان میں جہاں کورونا سے ہلاکتیں دن بدن بڑھتی جا رہی ہیں وہیں اس ملک کی اہم سیاسی شخصیات بھی کورونا میں مبتلا ہو رہی ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد میں 2 روز قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا تھا تاہم انکی طبیعت ناساز ہونے کے باعث انہیں سی ایم ایچ اسپتال راولپنڈی میں داخل کر لیا گیا۔

شیخ رشید احمد کی طبیعت ہفتے کی شام سے خراب تھی، اب زیادہ طبیعت بگڑ جانے کے باعث انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کے سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور شاہد خاقان عباسی بھی کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور ان کی اہلیہ تہمینہ دُرانی کو بھی کورونا ہو گیا ہے جبکہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 39 ہزار 230 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق ہونے والے افراد کی کُل تعداد 2 ہزار 632 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے پاکستان میں 84 ہزار 863 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 51 ہزار 735 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان کا صوبہ پنجاب کورونا کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ایک بار پھر دوسرے صوبوں سے آگے ہے اور پنجاب میں مریضوں کی تعداد 52 ہزار 601 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ 969 ہیں۔

ٹیگس