Jun ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۳ Asia/Tehran
  • پاکستان میں ہندوستان کے گرفتار شدہ سفارتی ملازم کی رہائی

ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ نئی دہلی کے اعتراض کے بعد پاکستان میں گرفتار کئے جانے والے ہندوستان کے دو سفارتی ملازموں کو رہا کر دیا گیا ہے۔

ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہندوستان کے دو سفارتی ملازموں کی گرفتاری پر مبنی خبروں کے بعد نئی دہلی میں پاکستان کے ناظم الامور سید حیدر شاہ کو وزارت خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج کیا گیا۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستان کے یہ سفارتی ملازم ایک پاکستانی شہری کو گاڑی سے کچلنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس نے ان دونوں کو گرفتار کر لیا۔

پاکستان میں ہندوستان کے دو سفارتکاروں کے لا پتہ ہونے کی بات، ایسے وقت میں سامنے آئی تھی کہ نئی دہلی نے پندرہ روز قبل ہندوستان میں پاکستان کے دو سفارتکاروں کو جاسوسی کے الزام میں ملک سے نکال دیا تھا۔ ہندوستان کی حکومت نے ان دونوں پاکستانی سفارتکاروں کا نام بلیک لسٹ بھی کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر پر کشیدگی جاری ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر سفارتی سرگرمیوں پر بندشیں عائد کرنے کا الزام بھی عائد کرتے رہے ہیں۔

ٹیگس