Jun ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۱:۲۸ Asia/Tehran
  • پاکستان، کورونا متاثرین کی فہرست میں 14 ویں نمبرپر

پاکستان کورونا متاثرین کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی ممالک کی فہرست میں 14 ویں نمبر پرآ گیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 4 ہزار 944 نئے کورونا مریض سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 136 افراد اس وائرس کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 62 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 3 ہزار 229 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے پاکستان میں ایک لاکھ 450 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 61 ہزار 383 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان کا صوبہ سندھ کورونا کے مریضوں اور صوبہ پنجاب کورونا وائرس  میں ہلاکتوں کی وجہ سے دوسرے صوبوں میں سرفہرست ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے کورونا کا مقابلہ متوازن حکمت عملی سے کیا اور آئندہ 2 ماہ میں ہمیں متحدہ اور بھر پور طریقے سے وباء کا مقابلہ کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

ٹیگس