Jun ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۴ Asia/Tehran
  • پاکستان، کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ نوے ہزار کے قریب

پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد تقریبا ایک لاکھ نواسی ہزار اور مرنے والوں کی تعداد تین ہزار سات سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

بدھ چوبیس جون کو سرکاری طور پر جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا کے ایک ہزار پانچ سو چھبیس نئے کیس سامنے آئے ہیں اور اس طرح سے کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ اٹھاسی ہزار نو سو چھبیس ہو گئی ہے۔

پچیس اموات کے اضافے کے ساتھ پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد تین ہزار سات سو پچپن بتائی جاتی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے اور حکومت نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔

صوبہ سندھ کورونا کے مریضوں کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے جہاں اب تک بہتر ہزار چھے سو چھپن مریض سامنے آ چکے ہیں۔ سندھ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار دو سو چوبیس بتائی جاتی ہے۔ صوبہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد انسٹھ ہزار پانچ سو چھتیس ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار پانچ سو سولہ ہے جو ملک کے دوسرے صوبوں سے زیادہ ہے۔

صوبہ خیبرپختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دو ہزار تین سو اٹھاسی، اموات آٹھ سو پچپن، بلوچستان میں مریضوں کی تعداد نو ہزار چھے سو چونتس، اموات ایک سو چھے، گلگت بلتستان میں مریض ایک ہزار ایک سو سینتس اموات تیئس اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مریض آٹھ سو بانوے اور اموات تیئس ہو گئی ہیں۔ دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد گیارہ ہزار چار سو تراسی اور اموات ایک سو آٹھ ہو گئی ہیں۔

ٹیگس