پاکستان میں کورونا کا تیزی سے پھیلاو
پاکستان میں کورونا وائرس اتنی تیزی سے پھیل رہا ہے کہ مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی ممالک کی فہرست میں پاکستان 14 ویں نمبر پرآ گیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے نئے 4 ہزار 44 کیسز سامنے آئے ہیں جس سے پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 92 ہزار970 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وبا سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 3 ہزار 903 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے پاکستان میں ایک لاکھ 7ہزار 760 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 81 ہزار 307 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کا صوبہ سندھ کورونا کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے دوسرے صوبوں میں سرفہرست ہے اور یہاں 74 ہزار70 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں جبکہ صوبہ پنجاب کورونا سے ہلاکتوں کے حوالے سے سر فہرست ہے اور یہاں دیگر صوبوں سے زیادہ یعنی ایک ہزار 602 افراد ہلاک ہوئے۔
در ایں اثنا پاکستان کےوزیراعظم عمران خان نے کورونا ایس او پیز کا خیال نہ رکھنے والوں کیخلاف کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹائیگر فورس کے موثر استعمال پر اطمینان کا اظہار کیا اور ٹائیگر فورس کی ایپلیکشن کا اجرا کرنے کی منظوری دے دی۔