Jun ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ، وزیراعظم عمران خان کی عوام سے اپیل

پاکستان میں کورونا کےبڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ اس موذی وبا سے بچاؤ کی ضروری تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق عمران خان نے اسلام آباد میں ٹائیگر فورس کے رضا کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ایس او پیز پر عمل ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو اسپتالوں پر دباؤ بڑھ جائے گا۔

دوسری طرف پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمینٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ صوبوں کو حفاطتی سامان کی نویں کھیپ ارسال کی جارہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کھیپ میں ڈاکٹروں اور نرسوں کے لئے اٹھائیس ہزار حفاظتی سوٹ، پچیس ہزار حفاظتی عینکیں، دو لاکھ سرجیکل ماسک اور پینتالیس ہزار آئی سی یو ماسک، دو سو تھرمل گنیں اور پانچ ہزار پلاسٹک کے جوتے شامل ہیں۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ گز شتہ چوبیس گھنٹے میں، پاکستان میں کورونا کے چار ہزار چوالیس نئے کیس سامنے آئے اور ایک سو اڑتالیس افراد لقمہ اجل بن گئے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ بانوے ہزار نو سو ستر اور مرنے والوں کی تعداد تین ہزار نو سو تین ہوگئی ہے۔ پاکستان کے طبی ذرائع کے مطابق اس ملک میں اب تک کورونا سے اکاسی ہزار تین سو سات افراد مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ سات ہزار سات سو ساٹھ افراد اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ کے مراکز اور اپنے گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔

پاکستان میں صوبہ سندھ، چوہتر ہزار ستر متاثرین کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہے جبکہ اس صوبے میں اب تک کورونا کے ایک ہزار ایک سو اکسٹھ مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں لیکن کورونا سے مرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ پنجاب میں ایک ہزار چھے سو دو ہے۔ پنجاب میں متاثرین کی تعداد اکہتر ہزار ایک سو اکیانوے بتائی گئ ہے۔ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد گیارہ ہزار سات سو دس اور اموات ایک سو پندرہ ہیں۔

ٹیگس