پاکستان، کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں ٹھہراؤ
پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں ٹھہراؤ نظر آرہا ہے اور ملک میں مصدقہ کیسز میں سے تقریباً 75 فیصد افراد شفایاب ہو چکے ہیں۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق آج ہفتے کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 545 نئے کیسز اور 8 اموات کا اضافہ ہوا اس طرح پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 61 ہزار 917 ہو گئی جبکہ اموات 5 ہزار 522 تک پہنچ چکی ہیں۔ تاہم ان کیسز میں سے ایک لاکھ 98 ہزار509 افراد صحتیاب بھی ہو گئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو سامنے آیا اور ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہوا تاہم اب کیسز اور اموات کی تعداد میں کمی دیکھی جارہی ہے جس کی ایک بڑی وجہ شاید ٹیسٹنگ کی تعداد کا کم ہونا ہے۔
در ایں اثنا پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عید الاضحی پر ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہوا تو کورونا وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔
کہوٹہ میں مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے جو تباہی دنیا میں آئی ہے پاکستان اس سے ابھی تک بچا ہوا ہے، عید الفطر پر بے احتیاطی کے باعث وائرس تیزی سے پھیلا، اگر عیدالاضحی پر ایس او پیز پرعمل درآمد نہ ہوا تو وائرس مزید پھیلنے کا خدشہ ہے اس لئے ہر شہری فرض سمجھ کر عید الاضحی پرایس او پیز پر عمل درآمد کرے۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
Whatsapp invitation link