Jul ۳۱, ۲۰۲۰ ۱۱:۰۰ Asia/Tehran
  • پاک - افغان سرحد پرجھڑپ میں 3 جاں بحق 20 زخمی

پاک - افغان سرحد پر فورسز کی مشتعل افراد کے ساتھ جھڑپ میں 3 افراد جاں بحق جب کہ سی ٹی ڈی کی کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک - افغان سرحد باب دوستی کے مقام سے سیکڑوں افراد کی زبردستی افغانستان میں داخل ہونے کی کوشش پر مشتعل افراد اور فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، سرحد پر توڑ پھوڑ، فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 3 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق احتجاجی دھرنے کے شرکاء اور مسافروں نے زیرو پوائنٹ پر دھاوا بول دیا۔

صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو کا کہنا ہے کہ چمن بارڈر مسئلے پر آج اجلاس طلب کیا ہے جبکہ چمن میں دھرنے پر بیٹھے کچھ لوگوں نے سرحد پار کرنےکی کوشش کی، کچھ شرپسندوں نے قرنطینہ اور نادرا سینٹر کو آگ لگائی، چمن کے لوگ پرامن ہیں وہاں کچھ شرپسندوں نے عوام کو اکسایا۔

ضیا لانگو نے کہا کہ چمن میں فورسز کا کہنا ہے انہوں نے ہوائی فائرنگ کی جبکہ شرپسندوں کی فائرنگ سے اموات اور لوگ زخمی ہوئے۔

دوسری جانب راجن پور کے علاقےعربی ٹبہ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے 10 سے 15 کیلو وزنی بم اور بھاری اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ دہشت گردوں کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جہاں ان کی شناخت سمیت دیگر ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link

9: https://chat.whatsapp.com/FI0EhwfdLa0KpUhbFMXnfM

ٹیگس