Aug ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کے خاتمے کے لئے اجتماعی دعا

پاکستان میں کورونا کے خاتمے کے لئے اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق لاہور کے کیتھڈرل چرچ میں اجتماعی دعا کے پروگرام میں مختلف مذاہب کے لوگوں نے شرکت کی۔ اس رپورٹ کے مطابق بین المذاہب اجتماعی دعا کے اس پروگرام میں پادری شاہد معراج، پادری عمانوئل کھوکھر، بشپ عرفان جمیل ، سردار بشن سنگھ، مولانا عاصم مخدوم اور کاظم رضا نقوی سمیت مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے کورونا کے خاتمے کے لئے دعا کی ۔
اجتماعی دعا کے اس پرگرام میں کورونا کے ساتھ ہی معاشرے سے نفرت، تعصب، اور فرقہ پرستی کے بھی خاتمے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی بڑھنے کی بھی دعا کی گئی۔
پاکستان میں کورونا کے فعال معاملات کی تعداد کم ہوکے سولہ ہزار دو سو اڑتالیس رہ گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد دو لاکھ اٹھاسی ہزار سات سو سترہ ہے جن میں سے چھے ہزار ایک سو اڑسٹھ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور دو لاکھ چھیاسٹھ ہزار تین سو ایک افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
دوسری طرف پاکستان کے ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ احتیاطی تدابیر کو فراموش کیا گیا تو کورونا کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر اضافہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فیس ماسک پہنیں، خاص طور پر اس صورتحال میں جہاں سماجی دوری ممکن نہ ہو کیونکہ عوام کی یہ لاپرواہی ایک بار پھر ملک میں کورونا کے مریضوں میں بے تحاشہ اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

ٹیگس