کراچی کے بارے میں جلد فیصلہ کریں گے: عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران نے ملک کے سب سے بڑے شہر اور اقتصادی مرکز کراچی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جانے کا عندیہ دیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی کے حالات انتہائی برے ہیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ وفاقی حکومت کراچی میں براہ راست کچھ کرنا چاہے تو صوبائی حکومت بقول ان کے شور مچاتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم اس حوالے سے اہم فیصلے کرنے والے ہیں تاہم انہوں نے اس جانب کوئی اشارہ نہیں کیا کہ یہ فیصلے کس نوعیت کے ہوں گے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے ایک بار پھر اپوزیشن رہنماؤں پر بلیک میلنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا مقصد انہیں بلیک میل کرنا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جتنا مرضی بلیک میل کرلے میں انہیں چھوڑنے والا نہیں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ احتساب کرنے والا ملکی ادارہ نیب ہی ختم ہو جائے لیکن وہ ہرگز ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ اشرافیہ ان کی حکومت گرانے کی کوشش کر رہی ہے۔