محرم ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کا مہینہ ہے: صدر پاکستان
پاکستان کے صدر نے کہا ہے کہ ماہ محرم ہمیں صبر و برداشت، حق گوئی کے لئے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے محرم الحرام اور اسلامی سال کے آغاز پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ یہ ماہ ہمیں اسلام کی خاطر دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، یہ ماہ ہمیں صبر و برداشت، حق گوئی کے لئے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی کیلنڈر کے سال کے آغاز پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
پاکستان کے صدر نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حفاظتی تدابیر پر عمل جاری رکھنے اور مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کے دوران طبی ضوابط پرعملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا ۔
واضح رہے اسلامی جمہوریہ ایران، عراق، پاکستان، ہندوستان، شام اور لبنان سمیت دنیا کے اکثر ممالک میں آج یکم محرم ہے۔