Aug ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۱:۳۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: محرم الحرام میں فوج کو تعینات کرنے کا فیصلہ

پاکستان کے حساس علاقوں میں محرم الحرام خاص طور پر تاسوعا اورعاشورای حسینی کے موقع پرفوج کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

پاکستان بھر میں ماہ عزا محرم الحرام کے آغاز سے ہی مجالس عزا کا سلسلہ شروع ہوا اور عزادار، امام مظلوم کا غم منا رہے ہیں۔  کل رات محرم الحرام کی تیسری مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام اور مقررین نے واقعہ کربلا، قیام  حضرت امام حسین ابن علی علیہ السلام اور سانحہ عاشورا پر روشنی ڈالی۔

دوسری جانب پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے محرم الحرام کے حوالے سے منعقد ہونے والے اجلاسوں میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے چاروں صوبوں کے حساس علاقوں من جملہ لاہور میں فوج کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے تاکہ ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔

در ایں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلی عثمان بزدار کا اجلاس میں کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران ضابط اخلاق پر عملدرآمد اور جلوسوں کے روٹ پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس او پیز کو ضرور ملحوظ خاطر رکھا جائے اور محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے سد باب کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ٹیگس