اپوزیشن جمہوریت کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کرے: عمران خان
پاکستان کے وزیراعظم نے اپوزیشن پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جمہوریت کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اپوزیشن نے سینیٹ میں ایف اے ٹی ایف سے متعلقہ قانون سازی کے اینٹی منی لانڈرنگ اور آئی سی ٹی وقف کے دو انتہائی اہم بلوں کو منظور نہیں ہونے دیا، میں پہلے دن سے یہ کہہ رہا ہوں کہ حزب مخالف کے رہنما صرف اپنے مفادات کے تحفظ کی تگ و دو میں لگے ہوئے ہیں اور انہیں ملکی مفادات سے کوئی دلچسپی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنی لوٹ مار کو بچانے کے لیے جمہوریت کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتی ہے، انہوں نے پہلے کورونا وائرس کی حکومت کی عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا حالاںکہ اس حوالے سے ہماری کامیابی کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جارہا ہے، اب یہ اپوزیشن ایف ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے ہماری کوششوں کو سبوتاژ کررہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے این آر او حاصل کرنے کے لیے نیب کو بدنام اور حکومت کو بلیک میل کیا، یہ تو ملکی معیشت کو تباہ کرکے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل کروا دیتے۔
عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کے گرد احتساب کا گھیرا تنگ ہورہا ہے۔ اپوزیشن اپنی کرپشن کی رقم بچانے کی کوشش میں پارلیمان کی کارروائی کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن حکومت کو دھمکیاں دیتی رہتی ہے کہ این آر او نہیں دیا تو حکومت گرادیں گے۔ چاہے کچھ بھی ہوجائے، میری حکومت کسی قسم کے این آر او کی اجازت نہیں دے گی۔ کسی بھی قسم کا این آر او قوم کے اعتماد کو دھوکا دینے کے مترادف ہوگا۔