خطے کے لئے ایران پاکستان تعاون اہم ہے: پاکستان
ایران میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے فوجی اور دفاعی اتاشی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان فوجی تعاون خطے میں امن و استحکام پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے فوجی اور دفاعی اتاشی بریگیڈیئر جنرل عمران کاشف چودھری نے اتوار کو پاکستانی یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، پاکستان کا ایک اہم ترین ہمسایہ ملک ہے اور ہم اس کے ساتھ تعلقات کو کافی اہمیت دیتے ہیں۔
عمران کاشف چودھری نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون میں بہتری آئی ہے جس تعاون کا اندازہ مختلف دوروں میں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے 2018 میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا اور ہم مستقبل میں ان کے اگلے دورے کا انتظار کر رہے ہیں۔
کاشف چوہدری نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان فوجی تعاون کا خطے میں امن اور استحکام پر مثبت اثر پڑتا ہے۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ایران کے موقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ آئندہ بھی پاکستان اور ایران کے مابین تعاون مزید فروغ پائے گا۔