Sep ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۲:۴۴ Asia/Tehran
  • پاکستان کے سابق وزیر اعظم اشتہاری اور سابق صدر پر فرد جرم عائد

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی پر فردِ جرم عائد کر دی جبکہ سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔

پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی آج صبح بطور ملزم عدالت میں پیش ہوئے۔

احتساب عدالت کے جج نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دے دیا جبکہ آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی پر فردِ جرم عائد کر دی۔

توشہ خانہ ریفرنس میں 4 ملزمان آصف علی زرداری، یوسف رضا گیلانی، عبد الغنی مجید اور انور مجید پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ تاہم فردِ جرم عائد کرنے کے بعد احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ کیا ملزمان صحتِ جرم سے انکار کر رہے ہیں؟

اس موقع پر چاروں ملزمان آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی، عبدالغنی مجید اور انور مجید نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا۔

در ایں اثناء احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف جائیداد کی ضبطگی کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے 7 روز میں نوازشریف کی پراپرٹی کی تفصیلات جمع کرنے کا مطالبہ کیا۔

عدالت نے نواز شریف کے دائمی وارنٹِ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت 24 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری پر توشہ خانے سے تحائف میں ملی گاڑیاں ذاتی استعمال کے لیے لینے کا الزام ہے، جبکہ سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی پر گاڑیاں دینے کی سمری منظور کرنے کا الزام ہے۔

ٹیگس