Sep ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۲:۵۳ Asia/Tehran
  • اپنا مسلک چھوڑیں نہیں، کسی مسلک کو چھیڑیں نہیں: آل پارٹیز کانفرنس

ملی یکجہتی کونسل کے تحت کراچی میں ’’اتحاد امت وقت کا تقاضا‘‘ کے موضوع پر آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں اس ملک کی 16 سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے شرکت کی۔

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہا کہ اس وقت ملک میں فرقہ واریت کی آگ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت لگائی جا رہی ہے، شام و بغداد کے بعد پاکستان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے لوگ سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کریں، آپس میں متحد رہیں اور ملک و اسلام دشمن قوتوں کا مل کر مقابلہ کریں۔ ان نے کہا کہ شرپسندوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، فرقہ واریت کو مسلک کی جنگ نہ بنایا جائے۔

اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری اور مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ یہ دینی جماعتوں کا اجتماع ایک بڑے مثبت پیغام کا ذریعہ بنے گا، ملی یکجہتی کونسل کے قیام کا مقصد بھی یہی ہے، اس لئے قیادت کو جذبات میں آنے کی بجائے حقائق کو سمجھتے ہوئے دشمن کی سازشوں کو ناکام اور اتحاد امت کی فضا کو برقرار رکھنا چاہیئے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ معاشرے میں فسادات پھیلانے کی سازش کی جا رہی ہے، پاکستان کے اسلامی و نظریاتی تشخص کو مسخ کیا جا رہا ہے، حالات کو تماشائی بن کر نہیں بلکہ قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے۔

اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اور مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملت اسلامیہ کو بڑے چیلنجز درپیش ہیں، وحدت امت کو سامنے رکھ کر ہم ان مسائل کو حل کریں، اپنا مسلک چھوڑیں نہیں اور کسی کے مسلک کو چھیڑیں نہیں، آج پھر مسلمانوں کو مسلمانوں کے خلاف اکسایا جا رہا ہے، اتحاد و یکجہتی کے ذریعے طاغوتی و اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

آل پارٹیز کانفرنس نے اپنے اعلامیئے میں پاکستان کو فرقہ واریت کی طرف دھکیلنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کا عہد کرتے ہوئے ملک بھر کے تمام مسالک کے علماء و مشائخ سے اپیل کی کہ اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

ٹیگس