Sep ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
  • پاکستان، بے احتیاطی کے پیش نظر پھر بند ہو سکتے ہیں اسکول

پاکستان میں کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد اگرچہ تعلیمی ادارے کھول دئے گئے تھے تاہم اب سندھ کے وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ اسکولوں کو بند کرنا پڑ سکتا ہے.

سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، ایسا لگ رہا ہے کہ اسکولوں کو بند کرانا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ اب بھی اسکولوں میں ایس او پیز پرعمل نہیں ہو رہا ہے۔

سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی نے بتایا کہ اسکولوں اور کالجوں میں تیرہ ہزار طلبا کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے ہیں، اٹھاسی طلبا میں کورونا مثبت آیا ہے، اگر محسوس ہوا کہ معاملات درست سمت میں نہیں جا رہی ہیں تو اسکول بند کرنے میں دیر نہیں کریں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ انہوں نے کئی اسکولوں کا دورہ کیا تو دیکھا کہ بچوں نے ماسک بھی نہیں پہن رکھے تھے، سرکاری اسکولوں میں بھی ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، جبکہ کالجوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں زیادہ نظر آئی ہیں۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ این سی او سی اور وزیر اعلیٰ سے موجودہ صورتحال پر بات کروں گا۔

پاکستان میں جمعے کو مزید سات سو سے زائد کورونا کے نئے معاملے ریکارڈ کئے گئے ہیں- پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پورے ملک میں مزید تیرہ تعلیمی ادارے بند کر دئے گئے اس طرح حفاظتی انتظامات پر عمل نہ کرنے کے باعث بند کئے جانے والے تعلیمی اداروں کی کل تعداد پینتیس ہو گئی ہے۔

ٹیگس