Sep ۲۷, ۲۰۲۰ ۲۰:۰۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کا اسپیکر کے طلب کردہ اجلاس میں شرکت سے انکار

پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے گلگت بلتستان میں انتخابات کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک ٹوئٹ کے ذریعے گیا۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر اور وفاقی وزرا کا گلگت بلتستان میں انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، ہم انتخابات میں وفاقی حکومت کی مداخلت کی مذمت کرتے ہیں۔ مسلم لیگ نون کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی مقامی اخبار کو بتایا ہے کہ ان کی جماعت نے بھی اسپیکر کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سیاسی مبصرین اپوزیشن کے اس اقدام کو وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک کو مہمیز کرنے کی جانب پہلا قدم قرار دے رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو خطوط ارسال کر کے انہیں گلگت بلتستان کے معاملے پر ہونے والی ملاقات میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

ٹیگس