پاکستان و افغانستان کو مستقبل کی جانب دیکھنا چاہئیے: عبداللہ عبداللہ
ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ اپنے عوام کی امنگوں کے مطابق ہمیں نئے مستقبل کی جانب دیکھنا چاہئیے۔
اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے چیئرمین افغان مفاہمتی کونسل ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔
عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ ہمیں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، دونوں ممالک میں مزید تعاون کے مواقع موجود ہیں، اپنے فوائد اور نقصان سے ہمیں سبق سیکھنا ہے، پاکستان اور افغانستان کی خوشحالی ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہے، معیشت کی بہتری کیلئے دونوں ممالک میں آزادانہ تجارت کو فروغ دینا ہوگا۔
چیئرمین افغان مفاہمتی کونسل نے مزید کہا کہ افغان عوام گزشتہ 19 سال سے امن کا خواب دیکھ رہے ہیں، پر امن بقائے باہمی کیلئے ہمیں اپنے رابطوں کو فروغ دینا ہے، افغان سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، دونوں ممالک کو دہشت گردی، انتہا پسندی سمیت مشترکہ چیلنجز کا سامنا رہا، دونوں ممالک میں مزید تعاون کے مواقع موجود ہیں۔
انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا افغانستان میں امن علاقائی ترقی کیلئے ضروری ہے، ہمیں امن عمل کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے خبردار رہنا ہے، ہم افغان مہاجرین کی عزت و وقار سے واپسی کے خواہاں ہیں، بہترین مستقبل کیلئے ہمیں ماضی کی غلطیوں کو بھول کر آگے بڑھنا ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا عالمی برادری افغان مسئلے کے سیاسی حل کی حمایت کر رہی ہے، اس بات کا اعتراف ہوا ہے کہ افغان مسئلہ مذاکرات سے ہی حل ہوگا، افغان قیادت کو قیام امن کے اس موقع سے فائدہ اٹھانا ہے، اسلام آباد اور کابل کو معاملات کے حل کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔