ملک میں کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ہے، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا انتباہ
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے کورونا وائرس کے معاملات میں دوبارہ اضافے کے پیش نظر ملک میں اس وبا کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک کورونا وائرس کی دوسری لہر سے متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔ پی ایم اے نے ایس او پیز کی پابندی نہ کیے جانے کو کورونا کے معاملات میں دوبارہ اضافے کی وجہ قرار دیا ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق لوگ ایس او پیز پر پوری طرح عمل نہیں کر رہے، لوگ ماسک لگانے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی پابندی نہیں کرتے اور ہاتھوں کو صاف نہیں رکھ رہے ہیں۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ دنیا میں دوسری لہر سے متاثر ہونے والے ممالک میں کورونا وائرس وبا زیادہ خطرناک ثابت ہوئی ہے لہذا عوام کو پوری احتیاط سے کام لینا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا معاملات میں کمی کے بعد ایک بار پر اضافہ کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان میں جمعہ دو اکتوبر کی صبح تک مزید دو سو تیس افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ پانچس سو اٹھاون افراد صحتیاب ہوئے۔