پاکستان میں 2 دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار
پاکستان کے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک جب کہ ایک کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل اور سکیورٹی فورسز پر 25 سے زائد حملوں میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد مزید 25 دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور ان میں سے ایک بارودی سرنگوں کا جبکہ دوسرا آئی ای ڈیز تیار کرنے کا ماہر تھا تاہم سکیورٹی فورسز نے بر وقت کارروائی کرکے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
واضح رہے کہ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگرد غیر ملکی اشاروں پر اربعین حسینی کے موقع پر پاکستان کے حالات کو خراب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔