Oct ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کے سابق صدر پر فرد جرم عائد

پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری پر پارک لین ضمنی اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں فرد جرم عائد کردی گئی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹ کیسز کی سماعت ہوئی جس میں پاکستان کے سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے، اس موقع پر جج احتساب عدالت نے کہا کہ تمام ملزم موجود ہیں اس لیے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کرتے ہیں جس کے بعد آصف علی زرداری اور ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان کو چارج شیٹ فراہم کر دی گئی۔

فرد جرم کی کاپیاں فراہم کیے جانے کے بعد عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت 19 اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 15 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، تاہم عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کئے جانے پر آصف زرداری نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔

پارک لین ریفرنس میں آصف علی زرداری پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے قومی خزانے کو 3 ارب 77 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ آصف زرداری اور شریک ملزمان کے خلاف دائر نیب ریفرنس 13 صفحات پر مشتمل ہے۔

ٹیگس