اربعین حسینی کے موقع پر پاکستان میں سکیورٹی ہائی الرٹ، ڈبل سواری پر پابندی
شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے مرکزی جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
سکیورٹی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے حکومت پاکستان نے دار الحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں اربعین حسینی کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے اور جلوسوں کے روٹ پر اور اطراف میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔
صوبۂ پنجاب میں آج ایک دن کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے جبکہ کوئٹہ میں موبائل فون سروس صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک بند رہے گی۔ کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہو گا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا بہشت زیبب قبرستان پہنچے گا۔
محکمۂ داخلہ سندھ کی جانب سے چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر کراچی سمیت صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد کی جانے والی پابندی بدھ کی شب 12 بجے سے نافذ کی گئی ہے جو آج جمعرات کی شب 12 بجے تک جاری رہے گی۔
سندھ حکومت نے کراچی سمیت حیدر آباد، سکھر، میر پور خاص، خیر پور اور لاڑکانہ میں موبائل فون سروس بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک بند رہے گی، موبائل فون سروس جلوس کے راستوں اور مجالس کے اطراف بند رکھی جائیگی۔
خیال رہے کہ حالیہ ہفتوں میں پاکستان میں کچھ شرپسند عناصر نے مسلمانوں کے مابین فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکانے کی ہر ممکن کوشش کرتے رہے ہیں جس کے پیش نظر اربعین حسینی کے موقع پر پورے ملک میں خاص سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔