Oct ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۷:۴۲ Asia/Tehran
  • نیب اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے: شاہد خاقان عباسی

پاکستان کے سابق وزیر ا‏عظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب نیب کے مقدمات پیچھے رہ گئے ہیں اور غداری کے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت میں ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تقرری کے ریفرنس میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں دعوا کیا کہ نیب یک طرفہ احتساب کر رہا ہے۔

خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نیب سے سیاستدانوں کو دبانے کے لئے کام لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اب تو نیب پیچھے رہ گیا ہے غداری کے مقدمات قائم کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اگر غداری کا مقدمہ ہم پر قائم ہو سکتا ہے تو حلف کی خلاف ورزی کا مقدمہ وزیر اعظم عمران خان پر بھی درج ہونا چاہئے۔
عباسی نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں پاکستان کے آدھے سیاستدانوں پر غداری کا مقدمہ دائر کیا گیا۔ رپورٹوں کے مطابق احتساب عدالت نے ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تقرری ریفرنس کی سماعت، بغیر کسی کارروائی کے دو نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔

ٹیگس