ایران سے پیاز اور ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت
حکومت پاکستان نے ملک میں گرانی پر قابو پانے کے لیے ایران سے زرعی اشیا درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
حکومت پاکستان نے کہا ہے کہ پیاز اور ٹماٹر سمیت متعدد زرعی اجناس کی پیداوار میں کمی اور قیمتوں میں اضافے کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر ایران سے مذکورہ اشیا کی درآمدات کو ترجیح دی جارہی ہے۔
وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی کے ترجمان نے مقامی ٹی وی کو بتایا ہے کہ ملک میں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں زیادہ ہونے کے باعث حکومت نے ایران سے درآمد کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے وفاقی حکومت نے نجی درآمد کنندگان کو ایران سے ٹماٹر اور پیاز درآمد کرنے کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔
پاکستانی حکام کے مطابق ایران سے پیاز اور ٹماٹر کی درآمدات چار ماہ تک مجاز ہوگی اور امید ہے کہ اس کے نتیجے میں قیمتوں کو کنٹرول کیا جاسکے گا۔
پاکستان میں ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں استحکام نہ آنے کی صورت میں ایران سے مذکورہ زرعی اشیا کی درآمدات کی مدت میں مزید توسیع بھی کی جاسکے گی۔