پاکستان قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نعرے بازی
جمعے کو پاکستان قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کے داخل ہوتے ہی ایوان، اپوزیشن ارکان کے گو نیازی گو کے نعروں سے گونج اٹھا جس کے بعد عمران خان ایوان سے چلے گئے۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے قومی اسمبلی میں داخل ہوتے ہی اپوزیشن کے ارکان اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور حکومت اور وزیر اعظم کے خلاف زبردست نعرے بازی شروع کردی۔ اسپیکر نے ارکان کو پرسکون رہنے اور سوالات کا سیشن شروع کرنے کی ہدایت کی لیکن اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی جاری رہی۔پاکستان کی پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے ارکان نے ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر چینی چور سرکار نہیں چلے گی، جزائر پر قبضہ نا منظور اور گو نیازی گو کے نعرے درج تھے۔
اپوزیشن کے نعروں کے جواب میں حکمراں جماعت کے اراکین نےبھی نعرے بازی شروع کردی جس کے بعد اسپیکر کو اجلاس کچھ دیر کے لئے ملتوی کرنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق بیس منٹ کے وقفے کے بعد دوبارہ اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن رہنما نوید قمر نے کہا کہ آج گوجرانوالا میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اجلاس ہورہا ہے ان حالات میں پارلیمنٹ کا اجلاس کیوں بلایا گیا؟ اس کے بعد اپوزیشن ارکان نے دوبارہ نعرے بازی شروع کردی۔