بدلتے موسم کے ساتھ پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ
پاکستان میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی کورونا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی کورونا میں مبتلا ہو گئی ہیں۔
پاکستانی میڈیا نے آج بروز منگل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 625 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 84 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق فعال کیسز کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 461 ہوگئی جب کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 7 ہزار 950 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 14 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 673 ہوگئی۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ میں اپنی بیماری کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس لئے انہوں نے خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیراختیارکرنے،طبی اصولوں پرعمل کرنے،اجتماعی فاصلے کو برقرار کرنےاور ماسک لگانے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتا جاسکتا ہے۔