پاکستان کے آرمی چیف سے بلاول بھٹو زرداری کا مطالبہ
پاکستان پیلپز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آرمی چیف سے آئی جی سندھ کے گھر کے گھیراؤ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آئی جی سندھ کے گھر کے گھیراؤ کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پریس کانفرنس میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سندھ پولیس کی عزت پر کوئی سودا نہیں کیا جائے گا۔ بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کے لئے سندھ پولیس پر دباؤ ڈالا گیا جس سے پولیس میں بد دلی پھیل گئی ہے۔
یاد رہے کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں شرکت کے لئے کراچی پہنچنے پر کیپٹن صفدر نے بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دی تھی۔ اس موقع پر مسلم لیگ نون کے کارکنوں کی نعرے بازی پر کیپٹن صفدر کو دوسرے دن صبح گرفتار کر لیا گیا تھا تاہم بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی جی سندھ کے ساتھ پیش آنے والے واقعےکا نوٹس لے لیا اور کور کمانڈر کراچی لیفٹینینٹ جنرل ہمایوں عزیز کو فوری طور پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔