Nov ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۱:۳۴ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کی صورتحال بگڑنے لگی، عوام اور حکام میں تشویش

پاکستان میں کورونا کی صورت حال پھر سے بگڑنے لگی، روزانہ کیسز کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ گئی جس کے بعد اس ملک کے وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کووِڈ 19 کا اجلاس آج طلب کر لیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکی جانب سے آج بروز منگل تازہ اعداد وشمارکے مطابق ملک بھرمیں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے وارمزید تیز ہوگئے اور14 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1167 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں ایکٹو کیسزکی تعداد 13 ہزار965 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں مجموعی کیسز 3 لاکھ 36 ہزار 260 ہو گئی، کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 849 ہو گئی جب کہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 15 ہزار 446 ہوگئی۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ این سی او سی نے کورونا کے بڑھتے کیسز کی روک تھام کے لیے اضافی اقدامات پر غور کیا ہے، این سی سی اجلاس میں کورونا پر قابو پانے کے لیے آج سفارشات پیش کی جائیں گی، وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے معاشی سرگرمی متاثر کئے بغیر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ابھی ہم اُس مرحلے پر ہیں جہاں بروقت فیصلے نہ کیے گئے تو صورت حال خطرناک حد تک پہنچ سکتی ہے، ایس او پیز پر عمل درآمد میں زیادہ سختی کی ضرورت ہے۔

ٹیگس