Nov ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۲:۳۰ Asia/Tehran
  • امت اسلامیہ کے مابین اتحاد و بھائی چارہ ضروری ہے: پاکستانی علما و دانشور

پاکستان کے علماء، دانشوروں اور سیاستدانوں کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکی موجودگی کا سوائے دہشتگردی کے فروغ، بد امنی، عدم استحکام اور مظلوموں کے قتل عام کے علاوہ اور کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔

ارنا نیوز کے مطابق پاکستان میں رحمت للعالمین وحدت کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ممتاز علما دانشوروں اور سیاستدانوں نے امت اسلامیہ کے مابین اتحاد و وحدت اوربھائی چارے پر زور دیتے ہوئے اختلافات ڈالنے والی دشمن کی سازشوں کی بابت خبردار کیا ۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کانفرنس کے شرکا کو خطاب کرتے ہوئے شان رسالت (ص) میں فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کی۔ پیر نور الحق قادری نے امت اسلامیہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج مسلم اقوام بیہودہ اور فضول مسائل میں الجھنے کے بجائے اپنے درمیان پائے جانے والے مشترکات پر تکیہ کریں اور اسلام دشمن قوتوں کو سب مل کر ٹھوس جواب دیں۔

انہوں نے یورپ میں جاری اسلاموفوبیا اور فرانسیسی صدر کی گستاخیوں کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اور ترکی کے موقف کی قدردانی کی۔ نور الحق قادر کا کہنا تھا کہ اغیار نے دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے بہانے اسلامی ممالک منجملہ یمن، عراق، شام اور افغانستان میں مسلمانوں کا قتل عام کیا مگر مغربی ممالک انکے اس اقدام پر خاموش تماشائی بنے رہے۔

رسول رحمت حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور آپکے فرزند امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت پر ہونے والی اس کانفرنس میں مقررین نے پاکستان میں تکفیری افکار اور ہر قسم کی فرقہ واریت کو ہوا دئے جانے کی مذمت کی۔

ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ علامہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہا کہ عصبیتوں کے خاتمے کے لیے عشق مصطفےٰ (ص) اولیں شرط ہے، نبی ختمی مرتبتۖ کی گستاخی پر بلا رنگ و نسل اور جغرافیائی حد بندیوں کی پرواہ کیے بغیر سارے مسلمانوں کا ایک زبان ہونا اس امر کی دلیل ہے کہ عشق مصطفےٰ (ص) ہی وہ واحد طاقت ہے، جو ہمیں جوڑ کر رکھ سکتی ہے، حکمرانوں کے اندر عشق رسول کی ذرا سے بھی رمق موجود ہو تو سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ توہین رسالت (ص) کو روکنے کے لیے حکمرانوں کو عالمی عدالتوں کا سہارا لینا چاہیئے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے جنرل سیکریٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امت اسلامیہ میں اتحاد و بھائی چارے کے حوالے سے سیرت نبوی اپنا نے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) نے حضرت رسالتمآب (ص) کے ایام ولادت کو ہفتہ وحدت کا نام دے کر امت اسلامیہ کے اتحاد و برادری کے حوالے سے عظیم قدم اٹھایا۔

علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ سامراج نے بعض عرب حکام کو اسرائیل کے ساتھ دوستی پر آمادہ کر کے امت اسلامیہ میں خلفشار و انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی مگر امت اسلامیہ کبھی بھی دشمن کے اس گھناؤنے منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما لیاقت بلوچ نے کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اسلام دشمن طاقتوں نے سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے امت اسلامیہ کے مابین تفرقہ ڈالنے کا شیطانی کھیل شروع کیا ہے۔

اس کانفرنس میں فلسطینی کاز کے ساتھ متحدہ عرب امارات، بحرین اور بعض دیگر ممالک کی خیانت کی مذمت کے ساتھ ساتھ امت اسلامیہ اور دنیا کے حریت پسندوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دشمن کی سازشوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔

ٹیگس