حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے رہنما اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعوی کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔
نوتاسیس عبوری صوبے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ملک میں مزدور، ڈاکٹرز اور کسان احتجاج کررہے ہیں، تبدیلی کے نام پر پورے پاکستان میں تباہی پھیل رہی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین نے حکومت پر الزام لگایا کہ اس نے پچھلے دوسال میں اس علاقے کے لیے کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب جب الیکشن ہونے والے ہیں تو بقول ان کے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزیراعظم نے گلگت کا دورہ کیا، لیکن اب ان کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کےعوام سے تین وعدے کیے اور کہا کہ ہم یہاں کے نوجوانوں کو حق روزگار دلائیں گے، گلگت بلتستان کو حق حاکمیت دلوا کر یہاں کے عوام کو اپنی ہی زمین کا مالک بنائیں گے اور اس علاقے کو قومی اسمبلی میں نمائندگی بھی دلوائیں گے۔