گلگت بلتستان میں ووٹوں کی گنتی جاری
پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان میں اتوار کو صبح آٹھ بجے پولنگ شروع ہوئی اور شام پانچ بجے تک جاری رہی تاہم جو لوگ پولنگ اسٹیشن کے اندر تھے انہیں پانچ بجے کے بعد بھی ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت تھی۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پولنگ ختم ہوتے ہی ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھی۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ آٹھ حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف آگے چل رہی ہے اور سات حلقوں میں پیپلز پارٹی کو برتری حاصل ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ نون صرف دو حلقوں میں آگے چل رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی چوبیس میں سے تیئس نشستوں کے لئے اتوار کو ووٹ ڈالے گئے۔ ووٹنگ کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے میڈیکل پروٹوکول کا خاص خیال رکھا گیا اور ووٹروں کو ایک دوسرے سے چھے فٹ کے فاصلے پر کھڑے ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔
رپورٹوں کے مطابق پولنگ صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی اور سات لاکھ سے زائد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔