کراچی کنگز نے پی ایس ایل ۲۰۲۰ کا میدان مار لیا
کراچی کنگز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے فائنل میں لاہور قلندرز کو باآسانی پانچ وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بن گئی۔
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ٹورنامنٹ کے فائنل میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی میچوں کا یہ ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا ہے۔
پاکستان کے دو بڑے شہروں کراچی اور لاہور کی ٹیموں کے درمیان یہ پہلا فائنل تھا جس کو کرکٹ شائقین کے خوابوں کی تعبیر کہا جا رہا تھا۔
بابر اعظم لاہور قلندرز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور کراچی کنگز کو پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا چیمپئن بنوا دیا۔
پاکستان میں کرکٹ کے کروڑوں شائقین برسوں سے مذکورہ دو ٹیموں کو آمنے سامنے ہوتے دیکھنا چاہتے تھے۔ آخرکار منگل کی شب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں یہ دونوں ٹیمیں پی ایس ایل کے پانچویں ٹورنامنٹ کے فائنل میں آمنے سامنے آ گئیں۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے درست ثابت نہ ہو سکا اور لاہور قلندرز کی ٹیم کراچی کنگز کو کُل ایک سو پینتیس رنوں کا ٹارگٹ دے سکی جسے کراچی گنگز نے با آسانی پانچ وکٹ کے نقصان پر اٹھارہ اوور اور چار گیندوں پر حاصل کر لیا اور اس طرح لیگ کا چمچماتا ہوا کپ اپنے نام کیا۔
کراچی کنگز کے بابر اعظم پی ایس ایل میں سب سے زیادہ یعنی چار سو دس رنز بنانے والے بیٹسمین رہے جبکہ لاہور قلندرز کے بالر شاہین آفریدی نے لیگ میں سب سے زیادہ یعنی سترہ وکٹ لئے۔
کراچی کنگز کی کامیابی پر پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور گورنر سندھ سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے کرکٹ شائقین کو مبارکباد پیش کی ہے۔