کورونا میں شدت آئی تو اسکی ذمہ داری پی ڈی ایم پر ہوگی: عمران خان
پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے کورونا کی دوسری لہر کو تشویشناک بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لاک ڈاؤن کرنا پڑا تو اس کی ذمہ داری پی ڈی ایم پر ہو گی۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر تشویشناک ہے اور اگر متاثرین میں مسلسل اضافہ ہوا تو حکومت مکمل لاک ڈاؤن پر مجبور ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ پندرہ دن میں وینٹی لیٹر پر جانے والے کورونا مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وینٹی لیٹر پر جانے والے کورونا مریضوں میں پشاور میں دو سو فیصد، کراچی میں ایک سو اڑتالیس فیصد، لاہور میں ایک سو چودہ فیصد، اسلام آباد میں پینسٹھ فیصد اور ملتان میں ستر فیصد اضافہ ہوا ہے۔
عمران خان نے حزب اختلاف کے اتحاد پی ڈی ایم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا یہ اتحاد، جلسوں کے تسلسل پر اصرار کر کے، عوام کی جان اور ان کے معاش کو جان بوجھ کر خطرے میں ڈال رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرین کی شرح میں اضافے پر حکومت لاک ڈاؤن پر مجبور ہوئی تو اس کی ساری ذمہ داری پی ڈی ایم پر ہوگی۔