Dec ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  •  رہبر انقلاب اسلامی کی خدمت میں اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ کا اظہار تعزیت

اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے صیہونی حکومت کے ہاتھوں ایران کے ایٹمی سائنسداں کی شہادت پر رہبر انقلاب اسلامی کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ایران کے ایک اہم سائنسداں کے قتل کو کھلی بین الاقوامی جارحیت اور جرم  قرار دیا اور کہا کہ مجرموں پر ہیگ کی عالمی عدالت میں مقدمہ چلا کر انھیں سزا دلانا چاہئے۔ علامہ ساجد نقوی نے انسانیت کے خلاف جرم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علماء ، دانشوروں اور شخصیات کا قتل انسانیت کے ساتھ ایک بڑی خیانت ہے اور دہشتگرد اور صیہونی، علاقے اور دنیا میں بدامنی کے اصلی ذمہ دار ہیں۔

پاکستان کے ایک اور عالم دین علامہ عارف حسین واحدی نے بھی شہید فخری زادہ کی شہادت پر ایران کے عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت اس جرم کی اصلی عامل ہے۔ علامہ عارف حسین واحدی نے اس ناقابل معافی جرم پر مغربی ممالک کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی حلقوں کو امن عالم کے سلسلے میں اس تخریبی رویے کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہئے اور اس کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرنا چاہئے۔ 

ٹیگس