Dec ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۳ Asia/Tehran
  • اپوزیشن عوام کی جان سے کھیلنا بند کرے: عمران خان

پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر حزب اختلاف کو خبردار کیا ہے کہ جلسے اور جلوسوں سے عوام کی زندگی کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

پاکستانی ابلاغیاتی اداروں کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس ہوا۔ انہوں نے اجلاس میں حزب اختلاف کے رہنماؤں کو مخاطب کر کے کہا کہ جلسوں اور جلوسوں سے ان پر کوئی فر‍ق نہیں پڑتا لیکن عوام کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت ملک کورونا کی دوسری لہر کی لپیٹ میں ہے جو پہلی لہر سے زیادہ شدید ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جب کہیں زیادہ لوگ جمع ہوتے ہیں تو کورونا زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے جیسا کہ پی ڈی ایم کے ملتان جلسے کے بعد چونسٹھ فیصد اسپتالوں کے بستر بھر گئے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جب کہیں کوئی اجتماع ہوتا ہے تو اس کے دس روز بعد اس کے اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے اسپتالوں میں چالیس فیصد مریض کورونا کے ہیں۔
عمران خان نے پی ڈی ایم کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ اپنے جلسوں اور جلوسوں کے پروگرام تین مہینے کے لئے ملتوی کر دیں تاکہ عوام کی جان بچائی جا سکے۔

ٹیگس