Dec ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۱:۲۱ Asia/Tehran
  • فلسطین پر اسرائیلی قبضے اور المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی پر پابندی کی مذمت

پاکستان کے مذہبی حلقوں نے فلسطین پر اسرائیلی قبضے اور المصطفی انٹر نیشنل یونیورسٹی پر امریکی پابندیوں کی مذمت کی ہے۔

پاکستان کے اخباری ذرائع کی رپورٹ کے مطابق پاکستان علما کونسل سینٹرل پنجاب کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد اسلم صدیقی نے کہا ہے کہ فلسطین پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ فوری ختم کروایا جائے۔

انہوں نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرئیلی فوج نے فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کر رکھی ہے، تلاشی کے نام پر عزتیں پامال کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کو آزادی دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

فلسطین کے تعلق سے پاکستان علما کونسل کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خیانتکار عرب حکومتوں کے جانب سے خودساختہ اسرائیلی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اور مراکش نے تل ابیب کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرلئے ہیں۔

ادھر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے اتحاد امت اسلامی کے عالمی تعلیمی مرکز کے عنوان سے المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی پر امریکہ کی طرف سے پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے اس علم دشمن اقدام کو امریکی بوکھلاہٹ کا ثبوت قرار دیا۔

علامّہ محمد افضل حیدری نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پر اقتصادی اور دفاعی پابندیوں کے بعد علمی پیش رفت روکنے کے اقدامات اسلامی تعلیمات پر امریکی حملے کے مترادف ہے۔

 

ٹیگس