کشمیر جنت نظیر میں "چلہ کلان" شب یلدا کا 40 روزہ دورانیہ شروع
شہنشاہ ’’ چلہ کلان ‘‘ کے اقتدار کی40روزہ مدت آج سے شروع ہورہی ہے
سال کی سب سے طولانی رات یا سردیوں کے چلہ کلان کے آغاز پر ندی نالوں میں پانی نقطہ انجماد کو عبور کرگیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سردیوں کے شہنشاہ ’’ چلہ کلان ‘‘ کے اقتدار کی40روزہ مدت آج سے شروع ہورہی ہے۔عمومی طور پر چلہ کلان میں شدید سردی کا کمال دکھائی دیتا ہے لیکن امسال دسمبر کے اوائل سے ہی شدید سردی نے ڈیرے ڈالے اور منفی درجہ حرارت نے10سال کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
اخبارکشمیرعظمی کے مطابق درجہ حرارت میں معمولی بہتری کے بارے میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 21 اور 22 دسمبر کو ہلکی بارشیں اور ہلکی و درمیانہ درجے کی برفباری ہوسکتی ہے جس کا زیادہ تر اثر لداخ اور کشمیر کے پہاڑی علاقے نیز پیر پنچال کے بالائی علاقوں پر ہوگا۔
محکمہ کا مزید کہنا ہے کہ دسمبر کے آخر تک وادی میں بھاری برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے۔ البتہ پیر کو وادی کے دوردراز علاقوں میں کچھ مقامات پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔ فی الوقت جموں، کشمیر اور لداخ کو شدید سردی کی لہر نے مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔ البتہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی سے قبل درجہ حرارت میں معمولی بہتری آئی ہے۔
ادھر شدید سردی کی وجہ سے جھیل ڈل کی سطح اور دیگر آبی ذخائر منجمد ہوئے ہیں ۔ وادی کے کم و بیش سبھی علاقوں میں نل جم گئے ہیں اور دیہات میں قدرتی آبی ذخائر بھی مکمل طور پر جمے ہوئے ہیں۔