Jan ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان محاذ آرائی

پاکستان کے وزیر خارجہ نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کو مختلف الخیال لوگوں کا منفی اتحاد قرار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پی ڈی ایم مختلف الخیال لوگوں کا ایک منفی اتحاد ہے، جس کا مقصد موجودہ حکومت اور اداروں پر دباؤ ڈال کر بدعنوانیوں کے مقدمات سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر دعوی کیا کہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے طریقۂ کار کے حوالے سے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں سے استعفے کے معاملے پر پیپلز پارٹی پہلے پیچھے ہٹ گئی تھی اور اب مسلم لیگ نون نے بھی پسپائی اختیار کرلی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے دعوی کیا کہ لانگ مارچ کے مسلئے پر بھی اپوزیشن اتحاد کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہے۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب گیارہ جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم آج مالاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری ریلیوں کی شکل میں مالا کنڈ پہنچ گئے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ آج کے جلسے میں مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز شریک نہیں ہوں گی۔

ٹیگس