Jan ۲۶, ۲۰۲۱ ۲۱:۰۰ Asia/Tehran
  • کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے پہلے ٹیسٹ میچ کا پہلا دن

کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے جنوبی افریقہ کے دو سو بیس رن کے جواب میں تینتیس رن بنائے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اس کے اوپنرز نے اچھا آغاز کیا، تاہم اس کے بعد پاکستانی بولرز نے مہمان ٹیم کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔ 

جنوبی افریقہ کی ٹیم، پہلی اننگ میں دو سو بیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ڈین ایلگر اٹھاون جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جارج لینڈے پینتیس اور فاف ڈوپلیسی، تئیس رن بنا کر نمایا رہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تین وکٹ حاصل کئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور نعمان علی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور حسن علی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

جنوبی افریقہ کی پہلی اننگ کے بعد ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پاکستان کی ٹیم اب اس میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی ٹیم کے آگے رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دے گی تاہم امیدوں کے برعکس پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم کے چار وکٹ گر چکے تھے۔عمران بٹ نو، بابر اعظم سات اور عابد علی چار رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نائٹ واچ مین کی حیثیت سے شاہین شاہ آفریدی کھاتہ کھولے بغیر ہی، پویلین لوٹ گئے۔ البتہ دن کے اختتام پر اظہر علی اور فواد عالم پانچ ، پانچ رنوں کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 

جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو رباڈا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اینریخ نورکیا اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

ٹیگس