Jan ۲۷, ۲۰۲۱ ۲۱:۰۳ Asia/Tehran
  • علاقائی و عالمی امن کے تحفظ میں شمولیت، ہمارا فرض ہے: پاکستان

پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد، علاقائی و عالمی امن کے تحفظ کے لئے اجتماعی کوششوں میں شمولیت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔

ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ کے حوالے سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے امن فنڈ کے آنلائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک، امن و امان کے تحفظ، جنگ و جارحیت کی روک تھام اور رفاہی مقاصد کے حصول کے لئے اپنا کثیر جہتی تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف علاقوں میں اقوام متحدہ کے چھیالیس سے زائد امن مشن میں پاکستانی فوجی شامل رہے ہیں اور اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کا سیاسی، انسانی اور مالی امور میں جاری تعاون، امن پسندانہ مقاصد کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پاکستان، کشمیر کو ایک اجتماعی مسئلہ اور عالمی امن کے لئے ایک بڑا خطرہ سمجھتا ہے اس لئے بین الاقوامی اداروں کو چاہئے کہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کی کوشش کریں۔

پاکستان کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بحران افغانستان کو صرف مذاکرات سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے اور افغانستان میں قیام امن کے عمل کو آسان بنانے کے لئے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ٹیگس