Jan ۲۹, ۲۰۲۱ ۱۴:۳۲ Asia/Tehran
  • پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے ساتھ پہلا ٹیسٹ میچ سات وکٹوں سے جیت لیا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم دو سو پینتالیس کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی اور اس طرح پاکستان کو فتح کے لیے اٹھاسی رن در کار تھے۔

بعد ازاں پاکستان نے کھیل کا آغاز کیا اور عمران بٹ اور عابد علی کو پہلے بیٹنگ کے لیے میدان میں اتارا تاہم دونوں کھلاڑی یکے بعد دیگرے بائیس اور تئیس کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور اظہر علی میدان میں اترے اور دونوں نے کافی سنبھل کر بلے بازی کرکے ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچایا۔

بابر اعظم تیس رن بنانے کے بعد اس وقت آوٹ ہوگئے جب ٹیم کو فتح کے لیے صرف دو رن درکار تھے۔ لیکن بعد  میں آنے والے کھلاڑی فواد عالم نے فیصلہ کن چوکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔

اس طرح پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ چار فروری سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

ٹیگس