Jan ۳۰, ۲۰۲۱ ۲۰:۰۸ Asia/Tehran
  • پی ڈی ایم نے آئینی ترمیم کی مخالفت کا فیصلہ کرلیا

پاکستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے سے متعلق آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں میں پی ڈی ایم کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے سینیئر رہنماؤں کے رابطوں میں سینیٹ کے انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے سے متعلق حکومت کی آئینی ترمیم کی مخالفت پر غور کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل تینوں بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ نون، پاکستان پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے مذکورہ آئینی ترمیم کی مخالفت پر اتفاق کرلیا ہے۔

کہا جارہا ہے کہ مذکورہ آئینی ترمیم کی مخالفت کے حوالے سے حتمی فیصلہ پیر کو قومی اسمبلی اجلاس سے قبل اپوزیشن کی اہم مشاورتی نشست  کے بعد کیا جائے گا۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت پاکستان سینیٹ انتخابات میں اوپن ووٹنگ کے لیے ایک بل پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی حکومت سینیٹ کے انتخابات خفیہ رائے شماری کے بجائے  اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے پر زور دے رہی ہے۔

 

ٹیگس